نئی دہلی، 9/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)فوج میں پنشن پانے والے تقریبا 25لاکھ پنشن یافتگان کے لیے آدھار کارڈ بنوانا ضروری کر دیا گیا ہے۔ان تمام پنشن یافتگان اور شہید جوانوں کے اہل خانہ کو آئندہ 30/جون تک آدھار کارڈ بنوانے کے لیے اپنا نام فہرست میں درج کرانا لازمی کر دیا گیا ہے۔وزارت دفاع نے ان کی پنشن سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے آدھار کارڈ کو لازم بنانے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔غور طلب ہے کہ پنشن پانے والے ان لوگوں میں سے ابھی بہت سے لوگوں کے پاس آدھار کارڈ نہیں ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق،جب تک ان کا آدھار کارڈ نہیں بنتا ہے، تب تک وہ اپنا ریٹائرمنٹ کارڈ اور آدھار کارڈ کے رجسٹریشن کی وصولی دکھا کر پنشن لے سکتے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق،ایسے شخص اپنے ووٹر شناختی کارڈ یا پین کارڈ کی کاپی کے ساتھ آدھار کارڈ بنوانے کے لیے دی گئی درخواست کی کاپی بھی لگا سکتے ہیں۔